سی سی پی او سے جھگڑا‘ عاصم افتخار کا تبادلہ‘ ایس پی ہیڈ کوارٹرز ٹریفک پنجاب تعینات 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ)  سی سی پی او سے مبینہ جھگڑے کے بعد ایس پی سی آئی اے کو عہدے سے ہٹاکر ان کا تبادلہ کردیا گیا۔ موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کے معاملے میں اعتماد میں نہ لینے پر  سی سی پی او عمر شیخ اور ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔ جس پر سی سی پی او نے ایس پی سے مراعات واپس لے لی تھیں۔ ذرائع کے مطابق ایس پی عاصم افتخار سے ان کی سرکاری گاڑی اور سٹاف واپس لے لیا گیا تھا تاہم آئی جی پنجاب نے ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار کو کام جاری رکھنے کی ہدایت  کی تھی۔ حکوم پنجاب کے محکمہ پولیس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ایس پی سی آئی اے لاہور عاصم افتخار کا تبادلہ کرکے ایس پی ہیڈ کوارٹرز ٹریفک پنجاب تعینات کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح ایس پی ہیڈ کوارٹرز ٹریفک پنجاب طارق عزیز کا تبادلہ کرکے ایس پی لیگل چوہنگ تعینات کر دیا گیا ہے۔ عمر شیخ نے واقعے کی تصدق کرتے ہوئے کہا تھا کہ  عاصم افتخار نے نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی ہے اور انہوں نے پنجاب کے انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) انعام غنی کو فوری طور پر سی آئی اے ایس پی کی معطلی کیلئے اپنی سفارشات بھجوا دی ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن