لاہور (سپورٹس ڈیسک) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر عمر گل نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں کھیلے جانیوالے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے اہم میچ میں بلوچستان کی نمائندگی کرنے والے عمر گل اپنی ٹیم کو فیئر ویل میچ نہ جتوا سکے جس کے بعد ایونٹ سے آؤٹ ہونے کے بعد انہوں نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ۔ریٹائرمنٹ کے اعلان پر قو عمر گل آبدیدہ ہو گئے اور تمام شائقین،کوچز، سینئر سٹاف، اپنی اہلیہ سمیت سب کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے سپورٹ کیا۔ میں کرکٹ چھوڑنا نہیں چاہتا تھا، لیکن ایک دن یہ فیصلہ کرنا ہوتا ہے، میرے سے پہلے قبل لیجنڈز کرکٹرز نے بھی کرکٹ کو خیر باد کہا۔ پاکستان میں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ موجود ہے، میری سب کرکٹرز کو نصیحت ہے کہ صرف کھیل کو ترجیح دیں۔ مسلمانوں کا عقیدہ ہے اگر آپ محنت کریں تو اللہ تعالیٰ آپ کو صلہ بھی دیتا ہے۔عمر گل نے کیرئیر میں 47 ٹیسٹ، 130 ایک روزہ اور 60 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میںپاکستان کی نمائندگی کی۔ 20 سالہ کیریئر میں 900 سے زائد وکٹیں حاصل کیں۔ 47 ٹیسٹ میچز میں 163‘ 130 ون ڈے میچز میں 179 جبکہ ٹی ٹونٹی میں 85 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، فرسٹ کلاس کرکٹ میں 479، لسٹ اے میں 286 اور ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی میں 222 وکٹیں حاصل کیں۔