لاہور( خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ عبد الغفار عزیز پاکستان میں امت مسلمہ کے سفیر تھے۔ اتحاد عالم اسلامی کے داعی اور عالم اسلام میں پاکستان کی پہچان تھے۔ عبدالغفار عزیز کی وفات سے نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام ایک مخلص قائد اور رہنما سے محروم ہوگیا ہے۔ عبد الغفار عزیز کی زندگی کا ہر لمحہ اسلامی تحریک کے کارکنوں اور ملک میں غلبہ دین کی جدوجہد کرنے والوں کیلئے تربیت کا ذریعہ ہے۔ عبد الغفار عزیز ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہا رانہوں نے منصورہ میں نائب امیر و ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی پاکستان عبد الغفار عزیز کی یاد میں ہونیوالے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تعزیتی ریفرنس سے امیر العظیم ، پروفیسر محمد ابراہیم ،تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری ،علامہ ابتسام الٰہی ظہیر ،مرحوم کے بیٹے احمد فوزان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ عبد الغفار عزیز کی پوری زندگی ایک کھلی کتاب تھی جس سے تحریک اسلامی کے کارکن رہنمائی لیتے تھے۔ امیر العظیم نے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عبدالغفار عزیز بڑی قد آور شخصیت او رایسے انسان تھے جن کو دیکھ کر قرون اولی کے مسلمانوں کی یاد تازہ ہو جاتی تھی۔