بھارت: لڑکی سے اجتماعی زیادتی‘ 1000 گائوں میں ہلدی تلک مظاہرہ

Oct 17, 2020

نئی دہلی (این این آئی )ہاتھرس میں 19سالہ دلت لڑکی کی اجتماعی جنسی زیادتی اورموت کے خلاف بھارت کے تقریبا 1000 دیہات میں خواتین نے پرامن مظاہرے کیے اورعلامتی طور پر ہلدی تلک کی ہندومذہبی رسم ادا کی۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ہاتھرس میں گزشتہ ماہ جنسی زیادتی کا شکار لڑکی کی اترپردیش ریاستی انتظامیہ کی جانب سے خاموشی سے آخری رسومات اداکر دیے جانے کے خلا ف بطور احتجاج بھارت کی مختلف ریاستوں کے تقریبا ایک ہزار گائوں میں ہندو خواتین نے علامتی ہلدی تلک کی رسم ادا کی۔ ہندو رسم کے مطابق کسی غیر شادی شدہ خاتون کی موت کے بعد اسے نذر آتش یا دفن کرنے سے قبل اس کی لاش کو ہلدی لگائی جاتی ہے۔بھیم کنیا کے بینر تلے بھارت کے چودہ ریاستوں میں یہ مظاہرے کیے گئے۔ جس میں بلا تفریق مختلف مذاہب کی خواتین نے حصہ لیا۔ اس موقع پر متوفی لڑکی کے نام پر ایک بینر تیار کیا گیا تھا جس پر لوگوں نے ہلدی ڈال کر آخری رسومات کی علامتی ادائیگی کی۔ خواتین نے لوگوں سے ہلدی دان کرنے کی اپیل کی، جسے ایک ہنڈیا میں جمع کیا گیا۔ اسے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی ادیتیہ ناتھ کو بھیجاگیا۔

مزیدخبریں