مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ آج ماہِ ربیع الاول کا چاند نظرنہیں آیا،یکم ربیع الاول 1442ھ پیر کو ہوگی اور عید میلادالنبی ۖ جمع المبارک30، اکتوبر 2020 کو ہوگی ۔ دریں اثنا آج مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیرِ صدارت دفتر محکمہ موسمیات ،میٹ کمپلیکس ،موسمیات چورنگی یونیورسٹی روڈ ،کراچی میں منعقد ہوا۔ اجلا س میں زونل رویتِ ہلال کمیٹی سے مولانا حافظ محمد سلفی ، مولاناقاری نذیر احمد نعیمی ،مولانا صابر نورانی، قاری محمد اقبال اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی ۔فنی معاونت کے لئے محکمہ موسمیات کے چیف میٹر ولوجسٹ سردار سرفراز اور سپارکو سے غلام مرتضی نے شرکت کی ۔ پاکستان بھر میں صوبائی وضلعی اور زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈکواٹرز پر منعقد ہوئے۔ بعض مقامات پرمطلع صاف تھا،بعض جگہ ابرآلود اور بعض جگہ گرد آلودتھا ،تاہم کسی مقام سے رویت کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی, محکمہ موسمیات کے تمام مراکز سے بھی عدمِ رویت کی رپورٹ دی گئی ، لہذا اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ یکم ربیع الاول 1442ھ پیر کو ہوگی اور عید میلادالنبی ۖ جمعہ المبارک30، اکتوبر 2020 کو ہوگی ۔مفتی منیب الرحمن نے تمام مسلمانانِ عالم کو ماہِ ربیع الاول اور عید میلادالنبی ۖ کی مبارکباد پیش کی اور امت ِ مسلمہ اوروطنِ عزیز کی سلامتی اور امن وامان کی بحالی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔
چاند نظرنہیں آیا، یکم ربیع الاول بروز پیر اور عید میلادالنبی ۖ جمعہ 30اکتوبرکو ہوگی . مفتی منیب الرحمن
Oct 17, 2020 | 20:47