لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارسے راولپنڈی کے ارکان ا سمبلی نے ملاقات کی جس میں حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پر بات چیت ہوئی اور ترقیاتی سکیموں اور فلاح عامہ کے جاری منصوبوں پر پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے راولپنڈی کے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ عثمان بزدار نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو مری میں جنگلات کی اراضی پر قبضہ کرنے والے مافیا کی سرکوبی کا حکم دیا اور مری کے مسائل حل کرنے اورانفراسٹرکچر بہتر کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے انسداد ڈینگی کیلئے بھر پور مہم چلانے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجے میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ حکومت نے تمام محکموں کو انسداد ڈینگی کیلئے الرٹ کردیا ہے۔ اپوزیشن نے پہلے کرونا پر سیاست چمکائی اوراب ڈینگی پر پوائنٹ سکورنگ کررہی ہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن عناصر کے دل میں دکھی انسانیت کیلئے کوئی درد نہیں۔ راولپنڈی رنگ روڈ اورنالہ لئی ایکسپریس وے کی منظوری پر ارکان اسمبلی اورعوام کو مبارکباد دیتاہوں۔ رنگ روڈ بننے سے راولپنڈی اسلام آباد کے شہریوں کو آمد و رفت میں بے پناہ سہولت ملے گی۔ پہلے مرحلے میں 24 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دیدی گئی ہے۔ تین برس میں وہ کام کئے ہیں جو سابق حکومت 10 برس میں نہ کر سکی۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوامی خدمت کے سفر کو تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ عثمان بزدار نے غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ غربت کا خاتمہ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ہماری حکومت کو کم وسیلہ طبقات کی مشکلات اورمسائل کا احساس ہے۔کم وسیلہ لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے حکومت نے متعدد پروگرام شروع کئے ہیں جن کے ذریعے کمزور طبقے کی فلاح پر پوری توجہ ہے۔