ملتان ( نمائندہ نوائے وقت)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر عشرہ شان رحمت اللعالمین کے سلسلے محکمہ تعلقات عامہ ملتان آفس میں پروقار سیرتِ النبی کانفرنس منعقد ہوئی۔سیرت النبی کانفرنس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی،کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے خصوصی شرکت کی جبکہ میزبان محفل ڈائیریکٹر تعلقات عامہ ملتان سجاد جہانیہ تھے۔تقریب کی نظامت ڈپٹی ڈائریکٹر ارم سلیمی نے کی جبکہ افسران اطلاعات سید ماجد علی نقوی،اصغر خان،فرقان عباس حیدر اور وسیم یوسف سمیت سپرٹینڈنٹ اللہ وسایا زاہد اور اہلکاروں و صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔پارلیمانی سیکرٹری برائے انفارمیشن ندیم قریشی نے کہا کہ حکومت پنجاب نے سرور کائنات کا یوم ولادت پرعقیدت طور پر منانے کیلئے عشرہ رحمتہ اللعالمین تقریبات کا نفاذ کیا جس میں تمام محکمے نبی مہربان کے یوم ولادت منانے کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ہمیں اپنی زندگیوں کو سدھارنے کیلئے سیرت نبی کریم پر عمل پیرا ہونے کی سخت ضرورت ہے۔کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ آپ کی حیات مبارکہ ہر انسان کیلئے مفید ہے، انسان کی پوری زندگی ضروریات زندگی اور کائنات کے مظاہر اللہ تعالیٰ کے احسانات سے عبارت ہیں،ان سب سے بڑھ کر آپؐ کو رحمت اللعالمین بنا کر بھیجا گیا۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ آپ ؐکے آنے سے ظلم و شرک اور بدعت و گمراہی کی تارکیاں چھٹ گئیں، فسق و فجور کے شیطانی ہتھکنڈے ختم ہو گئے۔اس موقع پر ڈائریکٹر تعلقات عامہ سجاد جہانیہ نے کہا کہ سیرۃ النبی ؐ کا ہر گوشہ تابناک اور ہر پہلو روشن ہے یومِ ولادت سے لے کر روزِ رحلت تک کے ہر ہر لمحہ کو قدرت نے لوگوں سے محفوظ کرادیا ہے۔قبل ازیں پروفیسر ڈاکٹر علی اصغر نے سیرت النبی پر خصوصی گفتگو کی جبکہ تلاوت قاری محمد عبداللہ اور نعت شریف کی سعادت ملک زبیر بھپلا اور عمران یوسف نے حاصل کی۔تقریب میں الیکڑانک و پرنٹ میڈیا کے سینئر ایڈیٹرز اور صحافیوں نے شرکت کی۔
زندگیاں سدھارنے کیلئے سیرت نبی کریم پر عمل پیرا ہونا ناگزیر ہے، ندیم قریشی
Oct 17, 2021