وزیر اعلیٰ سندھ کا عید میلاد النبی منانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کا حکم

Oct 17, 2021


کراچی (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں علماء کرام کے ساتھ اجلاس  کی صدارت کرتے ہوئے  اورساتھ ساتھ  ڈویژنل انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ عید میلاد النبیؐ منانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کریں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ شہر صاف ستھرا رہے اور عید میلادالنبیؐ  کے جلوس کے لیے مناسب حفاظتی انتظامات کیے جائیں۔اجلاس میں صوبائی وزراء  سعید غنی ، ناصر شاہ ، فیاض بٹ ، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی مرتضیٰ وہاب ، آئی جی پولیس مشتاق مہر ، سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز ، کمشنر کراچی اقبال میمن ، ایڈیشنل آئی جی کراچی یعقوب منہاس ، سیکرٹری ایل جی نجم شاہ ، وزیراعلیٰ سندھ کے ایڈیشنل سیکریٹری  فیاض جتوئی ، ایم ڈی واٹر بورڈ اسد اللہ خان ، ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو ایم بی زبیر چنا نے شرکت کی۔ اجلاس میں جن علماء  نے شرکت کی۔ ان میں مفتی منیب الرحمان ، مفتی محمد جان نعیمی ، حاجی حنیف طیب ، علامہ ڈاکٹر جمیل راٹھور ، مولانا محمد یعقوب عطاری ، مفتی عبدالوہاب ، ثروت اعجاز قادری ، علامہ لیاقت اظہری ، حنیف رفیق پردیسی اور علامہ اکبر ڈار شامل تھے۔آئی جی پولیس اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا کہ  وہ سیکوریٹی انتطامات کے حوالے سے  علماء کرام کے ساتھ مختلف اجلاس منعقد کر چکے ہیں۔ اسی طرح ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی نے بتایا کہ  وہ بھی علماء کرام ور ان کی تنظیموں کے ساتھ اجلاس منعقد کر چکے ہیں اور ان کی تجاویز سے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی استر کاری  کاکام اور نالوں کی مرمت کی گئی ہے۔ علماء کرام نے وزیراعلیٰ سندھ کو کچھ تجاویز دیں تاکہ عید میلاد النبیؐ کے اجتماعات اور جلوس مذہبی جوش و جذبے اور پرامن طریقے سے منعقد کیے جا سکیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے اعلان کیا کہ 20 اکتوبر کے بعد وہ  وزیر اعلیٰ  ہاؤس میں محفل میلاد کا اہتمام کریں گے جس میں مذہبی اسکالرز کو مدعو کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ بھر میں 1230 میلاد محفلیں اور 1127 جلوس نکالے جائیں گے اور ان کے حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں اور انہیں تمام  ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

مزیدخبریں