حکومت اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں،تمام اداروں سے مثالی تعلقات،اگلی باری پھر ہماری ہے،شاہ محمود


ملتان (نمائندہ نوائے وقت )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تمام اداروں سے مثالی تعلقات ہیں۔ حکومت سے باہر بیٹھے لوگوں کیلئے صرف صبر کی دعا کر سکتا ہوں۔ حکومت ختم ہونے کی اپوزیشن کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی۔لولی لنگڑی اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،آئینی مدت پوری کریں گے۔ اگلی باری پھر ہماری ہے۔کرونا کی عالمی وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو متاثر کیا ہے اوراسی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے ہمیں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑالیکن پھر بھی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جا ئے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گزشتہ روز اپنے حلقہ انتخاب این اے 156 میں مختلف مقاما ت پر تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں معاشی صورتحال نہ بگڑے۔کچھ قوتیں افغانستان کے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ امن مخالف قوتیں جو افغانستان کی مخدوش صورتحال سے فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں انہیں موقع نہ مل سکے۔ہم نے عالمی برادری کوبھی ایسی قوتوں بارے آگاہ کردیا ہے۔ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔قبل ازیں ملتان میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام عشرہ شان رحمتہ اللعالمین کے سلسلے میں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا نبی کریم ؐکی اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے۔رحمت اللعالمین ؐکے درس انسانیت پر عمل پیرا ہو کر دنیا وآخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔صبر و تحمل‘برداشت‘رواداری اور احترام انسانیت اسلامی معاشرے کا طرہ امتیاز ہے۔ نبی کریم ؐ کی تعلیمات کسی ایک مکتب فکر کے لئے نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے روجحانات لمحہ فکریہ ہیں۔ ان سے نمٹنے کیلئے مسلم امہ کو یکجاں ہو نا ہوگا۔ صو بائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا آقائے دو جہاں کے رہنما اصول امانت اور صداقت ہمارے لئے مشعل راہ اور راہ نجات ہیں۔رسول اکرم ؐکی ذات اقدس حق کا پیغام ہی جس کی روشنی میں ہم آگے بڑھیں گے۔کانفرنس سے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر‘ ملک احمد حسین ڈیہڑ‘ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک‘ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خان سی پی او منیر مسعود مارتھ‘ ارکین صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری‘ندیم قریشی‘ سلیم لابر‘ ظہیر الدین علیزئی‘ قاسم خان لنگاہ‘وسیم خان بادوزئی،خالد جاوید وڑائچ،بابر شا ہ‘ اعجاز احمد لوٹھڑ،حافظ مشتاق،ملک اکرم کنہوں نے شرکت کی۔ قبل ازیں ضلع ملتان کی ترقی کیلئے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا حکومت اس خطے کی ترقی کیلئے وسائل فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔انہو ں نے کہا ملتان میں سیوریج،تجاوزات اور صفائی کے معاملات پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا جاپان کی حکومت نے ملتان کے سیوریج نظام کے مستقل حل کیلئے اربوں روپے کی گرانٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس سے اس شہر میں سیوریج مسائل کا خاتمہ کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کڈنی سنٹر کی توسیع کیلئے ڈی ایچ کیو کی نئی عمارت کے استعمال کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔جس سے کڈنی سینٹر کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔اجلاس میں ضلع ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں چیف وہپ ملک عامر ڈوگر‘ ملک احمد حسین ڈیہڑ‘ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک‘ ڈپٹی کمشنر ملتان عامر کریم خان سی پی او منیر مسعود مارتھ‘ ارکین صوبائی اسمبلی حاجی جاوید اختر انصاری‘ندیم قریشی‘ سلیم لابر‘ ظہیر الدین علیزئی‘ قاسم خان لنگاہ‘وسیم خان بادوزئی،خالد جاوید وڑائچ نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملتان نے ضلع ملتان کی سیاسی قیادت کو ملتان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت بارے آگاہ کیا۔ انہو ں نے کہا ضلعی کوارڈینیشن کمیٹی کے پلیٹ فارم پر نئے منصوبے تجویز کرینگے۔ اوراراکینِ اسمبلی کی تجویز کردہ سکیموں کو ترجیح بنائیں گے۔تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے گا اس موقع پر ضلعی محکموں نے اپنی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ای پیپر دی نیشن