وطن عزیز کی معاشی ترقی کیلئے خطے میں امن کا قیام ضروری ، اسد قیصر

Oct 17, 2021

اسلام آباد(خبر نگار)اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وطنِ عزیز کی معاشی ترقی کیلئے خطے میں امن کا قیام ضروری ہے امن کے قیام کے لیے ہماری قوم نے بھاری قیمت ادا کی ہے جسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گاخطے میں امن کے قیام سے ہی تعمیر و ترقی کا حصول ممکن ہو سکے گااسپیکر نے ملک کی ترقی میں نوجوان پارلیمنٹرین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ہر شعبے میں آگے بڑھنے کے لیے حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مالم جبہ سوات میں ینگ پارلیمنٹرین فورم پاکستان کی جانب سے"Young Parliamentarians on Peacebuilding" کے موضوع سے منعقدہ دوروزہ ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیاسپیکر اسد قیصرکا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام میں پارلیمنٹ اور پارلیمنٹیرین کا کردار نہایت اہم ہے ہر پارلیمنٹیرین کو قانون و آئین سے واقفیت ضروری ہے۔ انہوں نے نوجوان پارلیمنٹیرینز کو ملک کی ترقی اور عوام کے فلاح و بہبود کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے محنت اور لگن سے کام کرنے کی تلقین کی۔ افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے اسپیکر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے۔ افغانستان میں قیامِ امن سے خطے میں روابط کو فروغ ملے گا جس سے معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔ انہوں نے سابق فاٹا کی ترقی کے لیے پارلیمنٹ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سابق فاٹا کی عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ بہت جلد فاٹا میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ ملک کو درپیش چیلینجز کا ذکر کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجر  کے تدارک اور معاشی مسائل کا سامنا کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ گلوبل سیاست پر بھی سمینار منعقد ہونے چاہیے تاکہ سیاستدانوں سمیت عوام کو آگاہی حاصل ہو سکے۔

مزیدخبریں