اسلام آباد‘ لاہور (خبر نگار+ سٹی رپورٹر+ سپیشل رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید893 کیسز سامنے آئے ہیں۔ مزید 24 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس کے مزید13 ہزار 848 مریض شفایاب ہو گئے۔ جبکہ مثبت کیسز کی شرح1 اعشاریہ69 فیصد پر آ گئی۔ پاکستان بھر میں کرونا وائرس کے اب تک28 ہزار252 مریض انتقال کر چکے ہیں۔ جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد12 لاکھ63 ہزار664 ہو چکی ہے۔ ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے26 ہزار974 مریض زیرِ علاج ہیں۔ جن میں سے2 ہزار13 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ جبکہ12 لاکھ8 ہزار438 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے مزید52 ہزار589 ٹیسٹ کئے گئے۔ جبکہ اب تک کل 2 کروڑ1 لاکھ51 ہزار188 کرونا ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ پاکستان بھر میں اب تک کل9 کروڑ54 لاکھ61 ہزار 219 کرونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ پنجاب میں کرونا وائرس کے کیسز میں کمی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کرونا کے 256 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ صوبہ بھر میں کرونا کے کیسز کی کل تعداد 437,586 ہو گئی ہے۔ اب تک صوبہ بھر میں 415,050 مریض مکمل صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔ صوبہ بھر میں ایکٹیو کیسز کی کل تعداد 12,830 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز لاہور میں کرونا سے 1 موت رپورٹ ہوئی ہے۔ لاہور میں مثبت کیسزکی شرح 3.7 فیصد ریکارڑ کی گئی ہے۔ کوویکس پروگرام کے تحت امریکی کرونا ویکسین ’فائزر‘ کی مزید 24 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچا دی گئیں۔ امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ مل کر امریکہ اور پاکستان میں کرونا وباء کو شکست دیں گے۔ مرکزی میلاد کونسل کی جانب سے کرونا وائرس اور ملکی حالات کے پیش نظر داتا دربار تا ریگل چوک نکلنے والا تاریخی میلاد النبی جلوس منسوخ کر دیا گیا۔ چیئرمین مرکزی میلاد کونسل پیر سید مختار اشرف رضوی کا کہنا تھا کہ جلوس منسوخی کا فیصلہ عوام کی حفاظت کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔