ملتان (نمائندہ نوائے وقت )وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تمام اداروں سے مثالی تعلقات ہیں۔ حکومت سے باہر بیٹھے لوگوں کیلئے صرف صبر کی دعا کر سکتا ہوں۔ حکومت ختم ہونے کی اپوزیشن کی خواہش پوری نہیں ہو سکتی۔لولی لنگڑی اپوزیشن سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں،آئینی مدت پوری کریں گے۔ اگلی باری پھر ہماری ہے۔کرونا کی عالمی وبا نے پوری دنیا کی معیشت کو متاثر کیا ہے اوراسی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھنے سے ہمیں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنا پڑالیکن پھر بھی حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا جا ئے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے حلقہ انتخاب این اے 156 میں مختلف مقاما ت پر تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکچھ قوتیں افغانستان کے حالات خراب کرنا چاہتی ہیں۔ پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اپنی مصالحانہ کاوشیں جاری رکھے گا۔قبل ازیں ملتان میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام عشرہ شان رحمتہ اللعالمین کے سلسلے میں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نبی کریم ؐکی اسوہ حسنہ بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے۔اسلام فوبیا کے بڑھتے ہوئے رحجانات لمحہ فکریہ ہیں۔ ان سے نمٹنے کیلئے مسلم امہ کو یکجا ہو نا ہوگا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا موجودہ حکومت کیلئے مہنگائی بڑا چیلنج ہے۔
مہنگائی چیلنج لولی لنگڑی اپوزیشن سے خطرہ نہیں ، اگلی باری پھر ہماری : شاہ محمود
Oct 17, 2021