کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ آٹے کی قیمت پچاس روپے فی کلو سے زیادہ نہیں ہونی چاہئے۔ پیر کو وزیراعلیٰ سے بات کروں گا۔ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھی ہیں۔ عالمی منڈی میں قیمت کم ہوتے ہی پاکستان میں بھی کم ہو جائیں گی۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کی جائے پیدائش اور جائے شہادت دونوں سے لاعلم نکلے۔ جس کی وجہ سے سوشل میڈیا پر انہیں خوب مذاق کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان کے پہلے وزیراعظم و شہیدِ ملت لیاقت علی خان کی 70ویں برسی کے موقع پر ان کی قبر پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ آج کے دن ’فرزندِ کراچی‘ لیاقت علی خان کی شہادت کراچی میں ہی ہوئی۔ لیاقت علی خان قائد اعظم محمد علی جناح کے افکار کو آگے لے کر چلے۔ عمران اسماعیل نے کہا کہ لیاقت علی خان کی شہادت ایک افسوسناک واقعہ تھا۔ ان کی شہادت سے ملک کی سیاست میں تبدیلی آئی۔ ان کے قتل کے پیچھے جو عناصر تھے وہ نہیں پکڑے گئے۔ یاد رہے کہ نوابزادہ لیاقت علی خان 16 اکتوبر کو راولپنڈی پہنچنے کے دوران شہید ہوئے تھے۔