لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے کہاہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں فخر زمان اور شعیب ملک کی واپسی اچھا فیصلہ ہے۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہونے ویمن واک تھلون کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے شعیب ملک، فخر زمان کی واپسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ورلڈکپ میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔وسیم خان نے کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن اور بائولنگ لائن دونوں اب مضبوط ہیں، پاکستان ٹیم میں سب ہی فیورٹ ہیں اور ٹیم بہتر ہے، یقین ہے کہ یہ لڑکے شاندار پرفارمنس دینے میں کامیاب ہوں گے۔احمد شہزاد نے کہا کہ ٹیم کیلئے نیک خواہشات ہیں، ورلڈ کپ جیت کر آئیں، تمام لڑکے جو اس وقت ٹیم کیساتھ ہیں،وہ حقدار تھے۔امام الحق نے کہا کہ قومی ٹیم کا کمبی نیشن کافی بہتر ہے، ورلڈکپ جیت سکتے ہیں، میری اپنی خواہش تھی شعیب ملک ٹیم میں واپس آئیں کیونکہ اْن کا بھارت کیخلاف ریکارڈ اچھا ہے۔فہیم اشرف نے کہا کہ قومی ٹیم سے باہر ہونے کا اب افسوس نہیں ہوتا، ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی بائولنگ اوور آل ہی بہتر ہے۔اظہر علی نے کہا کہ قومی ٹیم کے ساتھ جو بھی گیا ہے، اْن سب کے ساتھ نیک خواہشات ہیں۔