شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) شیخوپورہ نے حکومت کی طرف سے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کے اعلان کو مسترد کردیا ہے اور اسے عوام دشمن فیصلہ قرار دیتے ہوئے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، نوائے وقت فورم میں اظہار خیال کرتے مسلم لیگ (ن) کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری پیر سید اشرف رسول ایم پی اے ، میاں عبدالرئوف، میاں خالد جاوید ، طارق محمود ڈوگر ، خان جہانزیب خان، محمود اختر گورایہ، ملک عمران رحمت ڈوگر، سید معمر حسنی رسول، ملک ظہیر احمد، نوید چوہان، وسیم انجم سندھو، عبدالغفار ڈوگر، بینش قمر ڈاراور مسز عاصمہ رضوان رانا نے کہا کہ حکومت عوام کیلئے وبال جان بن چکی ہے اس کو گھر بھیجنا ناگزیر ہو چکا ہے مہنگائی اپنے عروج پر ہے ،ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد بیروزگار ہو چکے ہیں، بجلی، آٹا، چینی، ادویات ہر شے مہنگی ہو چکی ہے، انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات اوربجلی و گیس کے ریٹ آج آسمانوں سے باتیں کررہے ہیں، عام آدمی کی زندگی اجیرن ہے پاکستانی عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکاہے، پاکستان کسی کی جاگیر نہیں جسے حکمران من مرضی سے چلائیں اور عوام کوبھیڑ بکریاں سمجھ کر اپنی نااہلی کی آگ میں جھونکتے رہیں نواز لیگ پورے قد کے ساتھ کھڑی ہے ہمیں عوام کا ساتھ حاصل ہے اور عوامی حمایت سے دوبارہ جلد برسر اقتدار میں آئے گی۔