فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار عابد شیر علی اپنی رہائشی یونین کونسل اور وفاقی وزیر داخلہ کی رہائشی یونین کونسل سے بھی ہار گئے۔ عابد شیرعلی کو دونوں یونین کونسلوں سے بھاری مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار عابد شیر علی کو چار سال ملک سے باہر رہنا مہنگا پڑ گیا۔ ضمنی الیکشن میں عابد شیر علی کو سب سے زیادہ اسی سوال کا سامنا کرنا پڑا کہ آپ شکست کے بعد ملک سے فرار کیوں ہوئے تھے۔ ضمنی الیکشن میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی مسلم لیگ ن کے امیدوار عابد شیر علی کیلئے حمایت کا معاملہ بھی سوالیہ نشان رہا۔ رانا ثناء اللہ مقامی سیاست میں عابد شیر علی کے والد چوہدری شیر علی کے شدید مخالف سمجھے جاتے ہیں جبکہ 2018ء کے الیکشن میں اس حلقے سے عابد شیر علی کی شکست اور اسی کے ساتھ واقع صوبائی حلقے سے رانا ثناء اللہ کی شکست بھی دونوں کی باہمی چپقلش کا نتیجہ قرار دی جاتی رہی ہے۔
مہنگائی سے ووٹر نالاں‘ بیرون ملک جانا مہنگا پڑ گیا‘ عابد شیر آبائی یونین کونسل سے بھی ناکام
Oct 17, 2022