لاہور (کامرس رپورٹر ) پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے نومنتخب چیئرمین چوہدری افتخاراحمد مٹو نے کہا ہے کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے گندم کے سٹاکس متاثر ہوئے ہیں جس کی وجہ سے سیلاب زدہ علاقوں میں آٹے کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب محکمہ خوراک کی جانب سے فلور ملز کو گندم کا کم اجراء کیا جا رہا ہے۔ آٹے کی کم دستیابی کو وجہ بنا کر فلور ملز کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ چیئرمین افتخار احمد مٹو نے وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھرکی فلور ملز کے خلاف ہونے والی غیر ضروری محکمانہ کاروائیوں کا فوری نوٹس لیا جائے۔انہوں نے حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر گندم کا اجراء 26ہزار ٹن یومیہ کیا جائے۔ پورے پنجاب میں حالیہ تباہ کن سیلاب کی وجہ سے شہری اور دیہی علاقوں میں گندم کے سٹاکس بری طرح متاثر ہوئے ہیںجسکی وجہ سے سرکاری آٹے کا یومیہ استعمال بڑھ گیا ہے۔ لہٰذا فوری طور پر سرکاری گندم کے اجراء میں اضافہ ناگزیر ہو گیا ہے۔ فلور ملز کو غیر ضروری طور پر حراساں اور بدنام کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے کیونکہ محکمہ خوراک سرکاری آٹے کی کم دستیابی کا ملبہ فلور ملز پر ڈال رہا ہے۔
26 ہزار ٹن یومیہ گندم کا اجراء یقینی بنایا جائے:پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن
Oct 17, 2022