جھگڑے ، فا ئرنگ : 5گرفتار ، صدر پی ٹی آئی کراچی زخمی رانا ثنا، ثمر بلور کو نو ٹس 

Oct 17, 2022


اسلام آباد‘ کراچی‘شیخوپورہ ، فیصل آباد‘ پشاور (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ملک بھر میں قومی اسمبلی کی آٹھ اور پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ ہوئی۔ کراچی این اے 237 میں ضمنی انتخاب کے دوران ملیر کے پولنگ سٹیشن پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر حملے کے دوران زخمی ہوگئے۔ بلال غفار پر ملیر غازی گوٹھ میں  حملہ ہوا،ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ بلال غفار نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے ایم پی اے سلیم بلوچ نے مجھ پر سب سے پہلے حملہ کیا۔ مجھے دھکا دے کر زمین پر گرایا۔ ان کے 10 سے 15 ساتھیوں نے مجھے اینٹیں ماریں۔ مجھ پر پولیس کی موجودگی میں پی پی والوں نے حملہ کیا۔ پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان، حلیم عادل شیخ اور عمران اسماعیل نے حملے کی مذمت کی ہے۔ پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی وکلاء کے ہمراہ ملیر سٹی تھانے مقدمہ درج کرانے پہنچ گئے۔ تھانے میں پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دہشت گردوں نے بلال غفار اور ساتھیوں پر حملہ کیا جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس بھی پیپلز پارٹی کے غنڈوں کے ساتھ ملی ہوئی ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے 6 اضلاع میں سپیشل برانچ کے حکام کے پولنگ سٹیشنز میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔ الیکشن کمشن نے حلقہ این اے 31 پشاور میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر ممبر صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور کو نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کر لی۔ ترجمان الیکشن کمشن کے مطابق ثمرہارون بلور نے پولنگ سٹیشن کے اندر ووٹ کاسٹ کرتے ہوئے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر پشاور کے دفتر اپنی وضاحت دینے کیلئے طلب کیا گیا ہے۔ الیکشن کمشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی کی جانب سے ووٹ تبدیل کئے جانے کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جانبداری کا بے بنیاد الزام جمہوری عمل کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔ پی ٹی آئی کے ووٹ حلقوں سے تبدیل کرنے کا الزام مضحکہ خیز ہے۔ الیکشن 2018ء کی ووٹر لسٹوں پر ہورہے ہیں۔ اعتراض سراسر کم علمی اور غلط بیانی ہے۔ الیکشن 139-PP ‘ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 3 افراد گرفتار، شرقپور پولیس نے 3 افراد اسلحہ اور گاڑی سمیت گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ این اے 237 کراچی میں ضمنی انتخاب کے دوران ملیر آسو گوٹھ کے علاقے میں جعلی ووٹ ڈالے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ پریذائیڈنگ افسر مظہر بھٹی کا کہنا ہے کہ لنچ ٹائم کے دوران چند افراد کمرے میں  آئے۔ تمام افراد  فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پریذائیڈنگ افسر کے مطابق  بیلٹ پیپرز کو دیکھ کر پتہ چلا کہ 12 سے 15 جعلی ووٹ ڈالے گئے۔ ملزمان نے تیر پر ٹھپہ لگایا تھا۔ الیکشن کمشن نے تحقیقات کا حکم دیدیا۔  الیکشن کمشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ قومی اور صوبائی اسمبلی کے 11 حلقوں میں الیکشن مجموعی طورپر پرامن رہا۔ پولنگ سے متعلق الیکشن کمشن مرکزی کنٹرول روم کو 15 شکایتیں موصول ہوئیں اور زیادہ تر شکایات کارکنوں کے تصادم اور معمولی نوعیت کے جھگڑوں سے متعلق تھیں۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر فیصل آباد نے ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء  اللہ خاں کو نوٹس جاری کر دیا جبکہ پولنگ سٹیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرنے پر انہیں فوری طور پر حلقہ بدر کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے۔ نوٹس میں رانا ثناء اللہ کوآج وضاحت کیلئے پیش ہونے کا کہا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پبلک آفس ہولڈرز کو فوری طور پر انتخابی حلقے کی حدود سے باہر نکالا جائے۔ الیکشن کمشن خیبر پی کے  نے پشاور میں این اے 31 ضمنی الیکشن کے دوران صوبائی وزراء کی طرف سے مبینہ طور پر بیلٹ پیپر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے معاملہ کا نوٹس لے لیا۔ صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کی جانب سے مبینہ طور پر بیلپ پیپرز کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تھیں۔ 

مزیدخبریں