راولپنڈی: کہوٹہ کے تہرے قتل میں ملوث اشتہاری مجرم انٹر پول کے ذریعے گرفتار


راولپنڈی(این این آئی)راولپنڈی پولیس نے کہوٹہ کے تہرے قتل میں ملوث اشتہاری مجرم انٹر پول کے ذریعے گرفتارکرلیا،اشتہاری راشد محمود نے 2018 میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے خواتین سمیت تین افراد کو قتل کیا تھا۔تفصیلات کے مطابق کہوٹہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تہرے قتل میں ملوث اشتہاری مجرم راشد محمود کو انٹر پول کے ذریعے گرفتارکرلیا،اشتہاری راشد محمود نے 2018 میں اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے خواتین سمیت تین افراد کو قتل کیا تھا،مقتولین میں خضر، کلثوم بی بی اور بلقیس شامل تھے،اشتہاری راشد محمود قتل کی واردات کے بعد بیرون ملک سعودیہ فرار ہو گیا تھا،راشد محمود کے 05 ساتھیوں کو قبل ازیں گرفتار کر کے چالان عدالت کیا جا چکا ہے۔ ایس پی صدر احمد زنیر چیمہ نے کہاکہ اشتہاری راشد کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے کہاکہ سنگین مقدمات میں ملوث اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن