پشاور(بیورورپورٹ)عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ مٹی کی جنگ میں کسی بھی قیمت پر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ضمنی انتخاب میں عوام کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ اپنا نمائندہ بھیجنا ہے یا نہیں؟ محمد ناڑئی چارسدہ میں اے این پی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے اپنا ووٹ پول کرنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اگر ایک شخص اسمبلی نہیں جارہا، امیدوار نہیں مل رہا تو انتخابات میں حصہ کیوں لے رہا ہے؟ انتخابات میں مستقل فیصلہ کرنا ہوگا کہ عوام اپنے نمائندگان بھیجنا چاہتے ہیں یا ایسے لوگ جو نمائندگی نہیں کرنا چاہتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کو سیاسی جنگ میں نہ گھسیٹیں، پرو یا اینٹی اسٹیبلشمنٹ کی کوئی لڑائی نہیں۔ ایک بندہ جو ڈیلیور نہیں کررہا تھا، پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا گیا۔ انہوں نے مزیدکہا کہ کل تک یہی شخص بڑے رعب سے کہتا تھا کہ آرمی چیف سے میرے جیسے تعلقات کسی کے نہیں۔ آج کہتا ہے اقتدار تھا لیکن اختیار نہیں تھا، تو وہاں بیٹھے کیوں تھے؟