کراچی(این این آئی)اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی میں افغان شہریوں کو جعلی دستاویزات پر سعودی عرب جانے کی اجازت دینے والے افسر کیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا ، جس کی ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے ۔درج ایف آئی آر نمبر 319 /2022 کے متن میں کہاگیاہے کہ سعودی عرب نے مشکوک دستاویزات کی بنیاد پر پاکستانی پاسپورٹ ہولڈر 12افراد کو ڈی پورٹ کرکے کراچی واپس بھیج دیا۔ مذکورہ افراد کو ایئرپورٹ سے اے ایچ ٹی سرکل منتقل کیا گیا، جہاں تعینات ڈپٹی ڈائریکٹر علی مراد کی سربراہی میں تحقیقات شروع کی گئیں تو انکشاف ہوا کہ تمام بے دخل افراد افغانی شہری ہیں۔ 12افراد میں سے5کی سفری دستاویزات جعلی ہونے کے باوجود 4افراد کو شفٹ انچارج انسپکٹر اعجاز احمد جو پولیس سے ڈیپیوٹیشن پر ایف آئی اے میں تعینات ہوا، نے جانے کی اجازت دے دی جبکہ ایک مسافر کو شفٹ انچارج محمد آفتاب صابر نے کلیئر کیا۔ تمام 12افراد غیر ملکی ایئرلائن کے ذریعے سعودی عرب پہنچے۔ بقیہ سات افراد کے پاسپورٹ کا ڈیٹا پاسپورٹ دفاتر میں موجود ہی نہیں پایا گیا تھا۔ اس ابتدائی تحقیقات کے بعد انسپکٹر اعجاز احمد کو گرفتار کرلیا گیا۔ مزید ایف آئی اے افسران کی گرفتاری بھی متوقع ہے۔
ایف آئی اے انسپکٹر گرفتار
جعلی اسناد پر 12افغان شہریوں کو بیرون ملک جانے کی اجازت :ایف آئی اے انسپکٹر گرفتار
Oct 17, 2022