رائے ونڈ (نمائندہ نوائے وقت )رائے ونڈ ریلوئے ہسپتال کی عمارت بھوت بنگلے میں تبدیل،ہزاروں ریلوئے ملازمین علاج معالجہ سے یکسر محروم ہوگئے۔ کروڑوں روپے آمدن دینے والے ریلوئے سٹیشن کے ملازمین بے یارومددگار، طویل عرصہ سے ڈاکٹر کی عدم تعیناتی سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مردانہ وارڈ خستہ حالی کا شکار،ریلوئے ملازمین مایوس واپس لوٹنے لگے،ریلوئے حکام سے نوٹس کا مطالبہ۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ،اوکاڑا،پتوکی،کوٹ رادھا کشن،کوٹ لکھپت سمیت دیگر علاقوں کے ہزاروں ریلوئے ملازمین کے علاج معالجہ کیلئے قائم رائے ونڈ ریلوئے ہسپتال بھوت بنگلے کا منظر پیش کررہا ہے ریلوئے ہسپتال کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہے،مردانہ وارڈ اور زنانہ وارڈ کی چھتیں بوسیدہ ہو چکی ہیں ریلوئے ہسپتال میں ڈسپنسراور وارڈ بوائے کے علاوہ عملہ موجود نہ ہونے سے دور دراز سے آنیوالے ریلوئے ملازمین کو ادویات کے بغیر مایوس واپس لوٹنا پڑتا ہے ایک طویل عرصے سے سینئر میڈ یکل آفیسر کی نشست خالی ہے ڈاکٹر کی عدم تعیناتی کی وجہ سے مریضوں کو علاج معالجے کیلئے نجی ہسپتالوں کا رخ کرنا پڑتا ہے اور مہنگا علاج کروانا پڑتا ہے ریلوئے ہسپتال کی عمارت کیساتھ ادویات کی عدم فراہمی سے ہزاروں ملازمین علاج معالجے کی سہولیات سے یکسر محروم ہیں۔