لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پاکستان کے اٹیمی ہتھیاروں کے حوالے سے امریکی صدر جو بائیڈن کا بیان گمراہ کن ہے۔ پاکستان کے جوہری اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور اس حوالے سے عالمی میڈیا بھی بار ہا اعتراف کرچکا ہے۔ دنیا کے امن و امان کو نیست و نابود کرنے والا امریکہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا سلسلہ بند کرے۔ پاکستان کی سا لمیت اور خود مختاری کو سب سے بڑا خطرہ امریکہ سے ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستا ن کی جانب سے اس اہم مسئلے پر امریکی سفیر کی طلبی اور روایتی احتجاج قابل قبول نہیں۔ پاکستانی قوم کی دل آزاری ہوئی ہے۔ ملک و قوم کی عزت وقار اور خود مختاری کا تقاضا ہے کہ جب تک امریکی صدر اپنے بیان کو واپس نہیں لیتے اس وقت تک امریکی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا جانتی ہے۔ جاپان پر ایٹمی حملے کس نے کیے تھے۔