لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے امریکی صدر کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نیوکلیئر پروگرام پر جو بائیڈن کا بیان پوری پاکستانی قوم کی توہین ہے۔ اگرعمران خان وزیر اعظم ہوتے تو امریکہ کو ایسی جرا¿ت نہ ہوتی۔ وزیراعظم کے کشکول میں اب تک صرف بے عزتی کے سکے ہی پڑ رہے ہیں۔ آج قوم کو ایبسولیوٹلی ناٹ کی اہمیت کا اندازہ ہو گیا ہے۔ اقوام متحدہ ہو یا امریکہ، عمران خان نے ہمیشہ دلیرانہ بات کی۔ جس کی وجہ سے ان کے دور میں کسی کو پاکستان کی طرف آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی جرا¿ت نہ ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ قوم ان بھکاریوں اور لٹیروں سے تنگ آچکی ہے اور ان سے جان چھڑانے کیلئے بے تاب ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مزید حکومت میں رہنا ملکی سلامتی کے خلاف ہے۔ پی ٹی آئی کو اس صورتحال پر گہری تشویش ہے۔ لہٰذا بہت جلد کپتان مسلط کردہ ٹولے کے خلاف کال دینے والے ہیں۔ اس وقت صرف عمران خان ہی پاکستان کا وقار بحال کر سکتے ہیں اور وہ اس ذمہ داری کو نبھانے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔
نیوکلیئر پروگرام پر جو بائیڈن کا بیان پاکستانی قوم کی توہین ہے:محمود الرشید
Oct 17, 2022