فیروزوالہ(نامہ نگار) کالا شاہ کاکو، کالا خطائی روڈ خان پور، اور لاہور روڈ کی آبادی ماچھیکے اور دیگر مقامات میں 100سے زائد ڈبہ سٹیشنز کے قائم ہونے کا انکشاف ہوا ہے جن میں پارکنگ، ہوٹلزاور سروس سٹیشنز کی آڑ میں غیر قانونی طور پر مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں کے آئل ڈپوز سے سپلائی کی خاطر تیل لوڈ کروا کر آنیوالے آئل ٹینکروں سے تیل نکالا اور اسے ملاوٹ کرکے فروخت کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈبہ سٹیشنز کے مالکان بااثر ہونے کے باعث کاروائی سے محفوظ ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے بعض کرپٹ افسران و ملازمین مبینہ طورپر کرپشن و لاقانونیت کی اس بہتی گنگا میں ہاتھ دھو رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ ان کےخلاف کسی طرح کی موثر کاروائی سے قاصر و گریزاں ہیں جبکہ حکام بالا کو کی گئیں تحریری شکایات پر بھی کوئی کاروائی نہیں کی جارہی ۔ ڈبہ سٹیشن مالکان کے ماچھیکے میں قائم 16ملٹی نیشنل آئل کمپنیوں کے ڈپو¶ں میں تعینات بعض افسران و ملازمین سے بھی ہاتھ ملے ہوئے ہیں جو ٹینکرز سے چوری کئے جانیوالے تیل کا حصہ وصول کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ان ڈبہ سٹیشنزپر آئل چوری کے دوران متعدد بار آتشزدگی کے دلخراش اور ہولناک واقعات رونماہوچکے ہیں جن میں آئل ٹینکرز اوراملاک کو شدید نقصان پہنچنے سمیت درجنو ں انسانی جانیں اب تک لقمہ اجل بن چکی ہیں،عوامی سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ حکام صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور ڈبہ سٹیشنزکا خاتمہ یقینی بنائیں جبکہ ان تمام افراد کےخلاف بھی کاروائی کی جائے جن کا اس غیر قانونی اور خطرناک دھندے میں کسی طرح کا کوئی کردار ہے۔