نمیبیانے ایشین چیمپیئن  سری لنکا کو اپ سیٹ شکست دیدی


کراچی(اسپوارٹس رپورٹر)ٹی 20 ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نمیبیا نے ایشین چیمپئن سری لنکا کو اپ سیٹ شکست دیدی ۔آسٹریلیا کے شہر جی لانگ میں کھیلے گئے پہلے مرحلے کے افتتاحی میچ میں سری لنکا نے نمیبیا کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔نمیبیا نے 7 وکٹوں پر 163 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کیلئے 164 رنز کا ہدف دیا ۔جین فرائلنک 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ جے جے سمٹ نے ناقابل شکست31 رنز کی اننگز کھیلی۔ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کے بائولرز نے سری لنکن بیٹنگ لائن اکھاڑ کر رکھ دی، کپتان داسن شناکا نے 29 اور بھانوکا راجا پکشا نے 20 رنز بنائے ۔سری لنکن ٹیم 108رنز پر ڈھیر ہوگئی‘صرف تین کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل ہو سکے ۔ نمیبیا نے 55 رنز سے جیت کر تاریخی فتح اپنے نام کرلی ۔نمیبیا کے ڈیوڈ ویزا، برنرڈ شالٹز، بین شکونگو اور جان فرائلنک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں ، جین فرائلنک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔  دوسرے میچ میں نیدرلینڈز نے متحدہ عرب امارات کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔گیلونگ میں کھیلے گئے میچ میں امارات نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ یو اے ای کی ٹیم 8 وکٹوں پر 111 رنز بناسکی، محمد وسیم نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ چراغ سوری 12، کاشف داؤد 15، ورتایا اروند 18، زاور فرید 2، جبکہ کپتان رضوان محض ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے۔ بس ڈی لیڈز نے 3، فریڈ کلاسن 2 جبکہ رولف وین ڈر مروی ایک وکٹ حاصل کرسکے۔ ہدف کے تعاقب میں نیدرلینڈز کا آغاز اچھا نہ تھا اوپنر وکرم جیت سنگھ 10، میکس او ڈاؤڈ 23 رنز بناکر جلد وکٹیں گنوا بیٹھے۔ بیس ڈی لیڈز 14، کولن ایکرمین 17، ٹام کوپر 8، رولف وین ڈر مروی 0 بناکر آئوٹ ہوئے۔ میچ کے اختتامی لمحات میں سکاٹ ایڈورڈز اور ٹِم پرنگل نے ساتویں وکٹ کی شراکت میں 27 رنز بنائے، جس کے باعث ٹیم جتنے میں کامیاب ہوئی۔ جنید صدیق نے 3، باسل حمید، ظہور خان اور افضل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔بیس ڈی لیڈزکو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔ قومی ٹیم اپنا پہلا وارم اپ میچ آج انگلینڈ کیخلاف کھیلے گی جبکہ دوسرا میچ 19 اکتوبر کو افغانستان سے شیڈول ہے۔میچزپاکستانی وقت کے مطابق بالترتیب 1:30 اور صبح 8:30 بجے کھیلے جائیں گے۔قومی ٹیم میگا ایونٹ میں 5 گروپ میچز کھیلے گی جبکہ اپنی باقاعدہ مہم کا آغاز 23 اکتوبر کو بھارت کیخلاف میچ سے کریگی ۔ آج وارم اپ میچز میں آسٹریلیا کا مقابلہ بھارت جبکہ نیوزی لینڈ کا جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ 

ای پیپر دی نیشن