اسلام آباد(وقائع نگار )سی ڈی اے کے چیئرمین کپیٹن(ریٹائرڈ)محمد عثمان یونس نے گذشتہ روز سیکٹر G-10میں واقع لیڈیز کلب کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ممبر انجینئرنگ سمیت متعلقہ شعبوں کے افسران بھی انکے ہمراہ تھے۔اس موقع پر متعلقہ شعبوں کے افسران کی جانب سے چیئرمین کو بتایا گیا کہ 2007 میں اس منصوبے کا آغاز کیا گیا تھا مگر ناگزیر وجوہات کی بنا پر یہ منصوبہ التوا کا شکار رہا۔ جس پر چیئرمین نے کہا کہ یہ منصوبہ خواتین اور بچوں کی صحت کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے مگر بدقسمتی سے تاخیر کا شکار رہا،انہوں نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے مکمل ڈیزائن اور سمری کو آئندہ بورڈ میٹینگ میں منظوری کے لئے پیش کیا جائے تاکہ منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچایا جاسکے، چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ شہریوں بالخصوص بچوں کو صحت مندانہ ماحول کی فراہمی ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔