اسلام آباد(وقائع نگار )سی ڈی اے کا سیکٹر ڈی بارہ اور ڈی تیرہ کے گرین بیلٹ میں قائم غیر قانونی بلڈنگ مٹیریل فروخت کرنے والوں کے خلاف آپریشن کلین۔ سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے عملے نے آج چھٹی کے روز تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ یہ آپریشن سیکٹر ڈی بارہ اور ڈی تیرہ کے گرین بلٹ میں قائم غیر قانونی بلڈنگ میٹر یل اسٹالز کے خلاف کیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران متذکرہ گرین بیلٹ کے ایک جانب سے دوسرے جانب تک 15 ریت بجری اوراینٹوں کے اڈے بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر دئیے۔ علاوہ ازیں ان بلڈنگ میٹریل فروخت کرنے والوں کے 4 ڈمپر بلڈنگ میٹریل بھی لوڈ کر کے سرکاری تحویل میں لے لئے۔ مزید برآں باقی ماندہ تجاوز کنندگان کو سختی سے تنبہ کی گئی کہ کل صبح تک گرین بیلٹ سے تمام ملبہ ہٹا کر سرکاری اراضی خالی کر دیں۔ یہ آپریشن آیندہ روز بھی جاری رہے گا۔ اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ تجاوزات کا خاتمہ اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
گرین بیلٹ پرقائم 15 ریت بجری اوراینٹوں کے اڈے مسمار، 4 ڈمپر بلڈنگ میٹریل بھی سرکاری تحویل میں لے لیا،باقیوں کو اراضی خالی کرنے کا حکم
Oct 17, 2022