میرپورخاص/دریا خان مری (بیورورپورٹ/ نامہ نگار) ضلع بھر کے شہری اور دیہی علاقو ں میں آٹے کی قیمتوں میں کمی نہیں آسکی ۔عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے فلور ملوں کو ہزاروں گندم کی بوریاں دینے کے باوجود محکمہ خوراک کے افسران کی نااہلی کے باعث عوام سستے آٹے سے محروم ہے محکمہ خوراک اور فلور مل مالکان کی ملی بھگت سے چند روز تک لگائے جانے والے سستے آٹے کے اسٹال بند کر دیئے گئے عوام 110سے 120روپے فی کلو آٹا خریدنے پر مجبور ، تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے عوام کو 65روپے کلو آٹا فراہم کرنے والے احکامات کے بعد محکمہ خوراک کی جانب سے فلور ملوں کو ہزاروں کی تعداد میں گندم کی بوریاں فراہم کرنے کے باوجود عوام حکومت کے اعلان کے مطابق سستے آٹے سے محروم ہے جبکہ حکومتی ہدایات کے بعد میرپورخاص شہر میں چند روز تک محکمہ خوراک کی نگرانی میں فلور ملوں کی جانب سے سستے آٹے کے اسٹال لگائے گئے اور موبائل سروس کے تحت مختلف مقامات پر شہریوں کو سستے آٹے کی فراہمی شروع کی گئی تھی جس کی وجہ سے شہر میں آٹے کی قیمتوں میں کمی ہوئی تھی لیکن چند روز بعد ہیں یہ اسٹال لگانا بند کر دیئے گئے جس سے ایک مرتبہ پھر آٹے کا بحران پیدا ہو گیا ہے اور عوام 110سے 120روپے کلو آٹا خریدنے پر مجبور ہیں زرائع کے مطابق اب سستے آٹے کے اسٹال صرف کاغذوں میں دکھائے جا رہے ہیں اس حوالے سے شہریوں زاہد حسین ، محمد علی ، سلیم احمد ، اور دیگر نے بتایا کہ شہریوں کو اسٹالوں سے سستا آتا مل رہا تھا لیکن اب اسٹال بند کر دیئے گئے ہیں اور شہری سستے آٹے سے محروم ہیں انھوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر عوام الناس کو سستے آٹے کی فراہمی کے لئے اسٹال لگائے جائیں اور فلور ملوں کے ساتھ ساتھ چکی والوں کو بھی سستے آٹے کے لئے گندم کا کوٹہ فراہم کیاجائے اس حوالے سے رابطہ کرنے پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ڈاکٹر وسیم ابڑو نے بتایا کہ عوام کو سستا آٹا 65روپے کلو کی فراہمی کے لئے چاندنی چوک ، اقبال پمپ ، پوسٹ آفس چوک ، مورکیٹ چوک ، سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں اسٹال لگائے جا رہے ہیں اور ان سینٹروں پر محکمہ خوراک کے فوڈ انسپکٹر معائنہ کرتے ہیں آٹے کی عدم فراہمی کے حوالے سے کوئی شکایات نہیں ملی ہے میں خود سینٹروں کا دورہ اور معائنہ کروں گا اور عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔در یا خان مری سے نامہ نگار کے مطابق سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں پے پناہ اضافہ دوکاندار پھل اور سبزیاں من مانی قیمتوں پرفروخت کرنے لگے دوکانداروں نے سبزیوں کی قیمتوں میں پچاس روپے سے لیکر 100روپے کلو تک کا اضافہ کرکے سبزیاں مہنگی فروخت کرنے لگے مارکیٹ کمیٹی ریٹ میں ٹماٹر 200 روپے کلو مقرر جبکہ شہر میں ٹماٹر 400 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیئے جارہے ہیں آلو ریٹ لسٹ میں 30 روپے ہے شہر میں 60 روپے کلو کے حساب سے بیچا جارہا ہے اس کے علاوہ مختلف سبزیاں گوبھی بیگن بھینڈی بھی سرکاری مقرر ریٹ لسٹ سے 100روپے زیادہ کے بھاؤں سے غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے اسکے علاوہ مرغی فارمی گوشت کا مقرر ریٹ 390 ہے اور منافع خور دوکاندار مافیا نے دریا خان مری میں مرغی کا ریٹ 500 سے 540 کے حساب سے فروخت کیا جارہا ہے دوسری طرف پرچون سطح پر بھی کھلا گھی 560چینی 100 روپے کلو ،کوکنگ آئل 550 روپے لیٹر تک فروخت ہونے لگا ہے جبکہ کھانے پینے کی دیگر مختلف اشیاء کو بھی زیادہ منافع رکھ کرمہنگے داموں فروخت کیا جارہا ہے مہنگائی کے ستائے اورمنافع خور دوکانداروں کے سامنے بے بس اورمجبور شہری عوام کی جانب سے منافع خور دوکانداروں کی مچائی ہوئی اندھیر نگری کیخلاف ڈسٹرکٹ نوشہرو فیروز کے ڈپٹی کمشنر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔