بلرائیو: ٹی 20 ورلڈ کپ کے تیسرے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 42 رنز سے اپ سیٹ شکست دے دی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز کا کھیل بھی مکمل نہ کرسکی۔
تفصیلات کے مطابق ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ اسکاٹش ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹس کے نقصان پر 160 رنز بنالیے۔
دوسری جانب ویسٹ انڈین ٹیم نے 161 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو ان کے بیٹر ابتدا ہی سے مشکلات کا شکار نظر آئے۔ ویسٹ انڈیز کی پہلی وکٹ 20، دوسری 53، تیسری 58 جبکہ چوتھی 62 کے مجموعی اسکور پر گر گئی۔ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی آدھی ٹیم 69 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ چکی تھی۔ چھٹا کھلاڑی 77، ساتواں اور آٹھواں 79، نواں 102 جبکہ دسواں اور آخری کھلاڑی 108کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوا۔اسکاٹ لینڈ کی جانب سے مارک واٹ نے 3 جبکہ براڈ وہیل اور مائیکل لیسک نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ جوش ڈیوے اور سفیان شریف نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ویسٹ انڈین ٹیم کے کھلاڑیوں میں سے سب سے زیادہ 38رنز جیسن ہولڈر نے بنائے۔