غریبوں کی سواری بھی غریبوں کی پہنچ سے دور ہو گئی

Oct 17, 2023 | 11:14

غریبوں کی سواری بھی غریبوں کی پہنچ سے دور ہو گئی، مسلسل بڑھتی قیمتوں کی وجہ سے رواں مالی سال کے دوران موٹرسائیکلوں کی فروخت میں نمایاں کمی ہونے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں چند ماہ کے دوران سستی ترین سواری کے طور پر مشہور موٹرسائیکلوں کی فروخت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔ 

بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کے ابتدائی 3 ماہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں موٹرسائیکلوں کی فروخت میں 9.85 فیصد کی کمی ہوئی ہے ۔ رواں مالی سال کے ابتدائی 3 ماہ یعنی جولائی تا ستمبر میں ملک میں کل 268,990 موٹر سائیکلیں اور تھری وہیلر فروخت ہوئے۔جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران 298,405 موٹر سائیکلیں اور تھری وہیلر فروخت ہوئے تھے۔یعنی رواں مالی سال کے دوران جولائی تا ستمبر کے دوران گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقاملے میں ساڑھے 30 ہزار موٹر سائیکلیں اور تھری وہیلر کم فروخت ہوئے۔ پاکستان آٹوموبائل مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے مطابق رواں سال جولائی تا ستمبر کے دوران ہونڈا موٹر سائیکلوں کی فروخت 250,132 یونٹس سے 7.19 فیصد کم ہو کر 232,139 یونٹ رہ گئی ، سوزوکی موٹر سائیکلوں کی فروخت 10,007 یونٹس سے 62.27 فیصد کم ہو کر 3,775 یونٹس رہ گئی۔ اسی طرح یاماہا موٹر سائیکلوں کی فروخت بھی 3,726 یونٹس سے گھٹ کر 2,555 یونٹس رہ گئی۔ روڈ پرنس موٹر سائیکلیں 9,273 یونٹس سے 55.59 فیصد کم 4118یونٹس فروخت ہوئے ہیں۔ جبکہ چنگچی تھری وہیلر کی فروخت میں 1,365 یونٹس سے 1,335 یونٹس تک 2.19 فیصد کی معمولی کمی ہوئی ہے۔

مزیدخبریں