امریکہ میں اسلامو فوبیا 6 سالہ فلسطینی مسلمان بچہ چاقو سے قتل

Oct 17, 2023

نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) امریکا کی ریاست الینوائے میں ایک شخص پر نفرت پر مبنی جرم کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، جس نے اسرائیل حماس تنازع کے ردعمل اور ان کے مذہب کی بنیاد پر 6 سالہ مسلمان بچے کو چاقو کے وار کر کے قتل اور اس کی ماں کو زخمی کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں ’رائٹرز اور اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ول کاو¿نٹی شیرف کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ لڑکے پر فوجی طرز کے چاقو سے 7 انچ (18 سینٹی میٹر) بلیڈ سے 26 بار وار کیا گیا۔ مزید بتایا کہ 32 سالہ خاتون کو چاقو کے متعدد زخم آئے اور توقع ہے کہ وہ ہفتے کے روز شکاگو سے تقریباً 64 کلومیٹر (40 میل) جنوب مغرب میں پلین فیلڈ ٹاو¿ن شپ میں ہونے والے حملے سے بچ جائیں گی۔ امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے کہ لڑکے کا تعلق فلسطینی مسلمان خاندان سے تھا، جو امریکا میں وہی ڈھونڈنے آئے تھے جس کی تلاش ہم سب کو ہے اور وہ اچھی زندگی کا حصول، پ±رامن ماحول میں عبادت اور سیکھنے کے مواقع ہیں۔ جاری کردہ بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اس بیہمانہ رویے کی امریکا میں کوئی گنجائش نہیں۔ اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں، کونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز شکاگو آفس (سی اے آئی آر) کے سربراہ احمد رہاب نے متاثرہ خاتون کے ہسپتال سے کیے گئے بچے کے والد کو میسجز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ملزم نے متاثرہ خاندان کے گھر کا دروازہ کھٹکھٹایا اور خاتون کو گلا دبا کر مارنے کی کوشش کی۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم نے کہا کہ تم مسلمانوں کو مرنا ہوگا، سی اے آئی آر نے بچے کی شناخت وادیا الفیومے اور اس کی والدہ کی ہانان شاہین کے نام سے کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر سی اے آئی آر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا سیاستدانوں، میڈیا اور سوشل میڈیا کی طرف سے اسلام کے خلاف چلایا جانے والا بیانیہ اور فلسطینیوں کے خلاف جاری نسل پرستی کو روکنا ہو گا۔ ڈائریکٹر ایف بی آئی کرسٹوفر رے نے بھی بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر انٹرنیشل ایسوسی ایشن آف چیف آف پولیس کانفرنس کے موقع پر محتاط رہنے کا انتباہ کیا ہے۔ ایف بی آئی ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے اتوار کے روز سین ڈیاگو میں منعقد ہونے والی کانفرنس میں کہا کہ اس کشیدہ ماحول میں اس بات میں کوئی سوال نہیں ہے کہ ہم رپورٹ شدہ خطرات میں اضافہ دیکھ رہے ہیں اور ہمیں خاص طور پر تنہا اداکاروں کے لیے تلاش میں رہنا ہوگا، جو حالیہ واقعات سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

مزیدخبریں