سکولوں میں بدھ کی چھٹی م¶خر، سموگ کیخلاف اقدامات جاری: صوبائی وزراء

Oct 17, 2023

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سموگ کی موجودہ صورتحال جنوری 2023ءسے بہت بہتر ہے۔ جنوری میں جو لاہور سموگ کی بنیاد پر کی جانے والی درجہ بندی میں سر فہرست تھا آج 54 نمبر پر آ چکا ہے۔ جس میں حکومتی اقدامات کے ساتھ بڑا کردار بارشوں کا بھی ہے۔ حکومتی اقدامات میں سب سے موثر فیصلہ شہر میں دفعہ 144 کا نفاذ، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی بندش اور فصلوں کی باقیات کی آتشزدگی پر پابندی تھا جنہیں فی الحال برقرار رکھا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے مزید اقدامات سموگ کی آ ئندہ صورتحال کے پیش نظر لیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عامر میر نے پنجاب کابینہ کے اجلاس کے بعد محکمہ تعلقات عامہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہوزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر پٹرول کی قیمتوں میں 40 روپے فی لیٹر کمی کے ثمرات کو عوام تک پہنچانے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول ٹیموں کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ امید ہے کہ آ ئندہ چند دنوں میں آٹے، دودھ، چاول اور دیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھی جا سکے گی۔ پنجاب حکومت مہنگائی پر کنٹرول کے لیے گرانفروشوں کو جرمانے کے کمشنر کے اختیارات کی بحالی کے لیے قانونی راستہ اختیار کرے گی۔ سموگ پر کنٹرول کے لانگ ٹرم اقدامات اور ان پر عمل درآمد کے حوالے سے سوال پر عامر میر کا کہنا تھا کہ نگران حکومت اپنے مختصر دورانیے اور محدود وسائل کے ساتھ جن اقدامات پر عمل درآمد یقینی بنا سکتی ہے بنا رہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کہ مخصوص سیاسی جماعت کو جلسے کی اجازت نا ملنے کے پیچھے وجوہات 9 مئی کے واقعات ہیں۔ مزید برآں سیاسی جماعتوں کے جلسوں کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ عدالت کا اختیار ہے۔ سیاست پر تبصرے نگران حکومت کا مینڈیٹ نہیں۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات ثقافت پنجاب عامر میر کے ہمراہ صوبائی وزیر برائے سکول ایجوکیشن منصور قادر، صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ ابراہیم مراد اورصوبائی وزیر برائے تحفظ ماحولیات بلال افضل بھی شریک تھے۔ منصور قادر نے پریس کانفرنس کے شرکاءکو بتایا کہ سموگ کی صورتحال میں بہتری کے سبب سکولوں میں بدھ کے روز سکولوں میں اضافی چھٹی کے فیصلہ کو موخر کر دیا گیا ہے۔ بدھ کے روز چھٹی کا فیصلہ ہر ہفتے پیر کے روز اجلاس میں سموگ کی صورتحال کے جائزہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ والدین اطمینان رکھیں پنجاب حکومت بچوں کی صحت کے ساتھ کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔ ابراہیم مراد اور بلال افضل نے میڈیا کو سموگ پر کنٹرول کے لیے محکمانہ اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ سڑکوں پر بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹس چلنے والی گاڑیوں کی بندش کو یقینی بنا رہا ہے۔ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جا رہی۔ پٹرول کی قیمتوں میں کمی کے ساتھ بسوں کے کرایوں میں کمی کے لیے ٹرانسپورٹروں کے ساتھ رابطے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ آ ئندہ چند دنوں میں لاہور سے فیصل آباد ، گجرات اور راولپنڈی سفر کرنے والے مسافر کرایوں میں نمایاں کمی سے مستفید ہوں سکیں گے۔ بلال افضل نے میڈیا کو بتایا کہ صوبہ پنجاب میں سموگ کے سدباب کے لئے سموگ رولز 2023لاگو ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں