سری نگر (کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماشبیر احمد شاہ نے بھارت کے ناجائز قبضے سے مظلوم کشمیریوں کی آزادی کے لیے جدوجہد ہرصورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیاہے۔ شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہا کہ بھارت کشمیر کاز کے لیے جدوجہد کرنے پرانہیں سلاخوں کے پیچھے ڈال کر انکے عزم کو توڑ نہیں سکتا۔ شبیر شاہ نے کہا کہ ہم پھانسی کے تختے پر بھی یہ اعلان کریں گے کہ کشمیر ایک تنازعہ ہے اور جب تک اسے حل نہیں کیا جاتا، جنوبی ایشیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ جبکہ راجوری میں لائن آف کنٹرول پر بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک بھارتی فوجی زخمی ہوگےا ہے ۔راجوری ضلع کے نوشہرہ علاقے میں اتوار کو ایل او سی پر بارودی سرنگ کا دھما کہ ہوا۔ دھماکے میں بھارتی فوجی اہلکار گروچرن سنگھ زخمی و ہو گےا۔ دوسری جانب نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ لداخ کے ضلع کرگل میں پہاڑی ترقیاتی کونسل کے انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی ذلت آمیز شکست 5اگست2019 کو دفعہ370اور 35-Aکو منسوخ اور علاقے کو بھارت کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کرنے کے بھارتی حکومت کے فیصلے کے خلاف ریفرنڈم ہے۔حریت رہنماﺅں نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر اور اس کے عوام کی شناخت اور سالمیت کو درپیش خطرات کے پیش نظر تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے متحدہ جدوجہد پر زور دیا ہے۔غلام محمد خان سوپوری، فاروق احمد توحیدی اور نریندر سنگھ خالصہ سمیت حریت رہنماﺅں نے مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیا تاکہ علاقے میں بھارتی تشدد کو ختم کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ 5اگست 2019کا فیصلہ ایک غیر قانونی اقدام اور جموں و کشمیر کی مسلم شناخت پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں کی زندگی کا ہر پہلو ہندوتوا بی جے پی حکومت کے حملے کی زد میں ہے۔