اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگراں حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ وفاقی حکومت، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ مل کر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کریں، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑی کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کے شعبہ پر لازم ہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے کرایوں میں کمی کرے۔ ٹویٹ میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران حکومت کے لئے جیسے ہی ممکن ہوا پٹرول 40 روپے اور ڈیزل 15 روپے فی لٹر سستا کر دیا گیا، جب جب ان قیمتوں میں اضافہ ہوا، ٹرانسپورٹ کے شعبے نے مال برداری اور کرایوں میں اضافہ کیا، اب ان پر لازم ہے کہ ان میں کمی کی جائے اور عوام کو ریلیف دیا جائے۔ علاوہ ازیں وزیر اطلاعات نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پاکستان کی ترقی میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک نے روڈ انفراسٹرکچر، پاور سیکٹرز اور صنعتی زونز میں 62 ارب ڈالر کے کامیاب منصوبوں کی شکل میں اہم سنگ میل حاصل کئے ہیں، روڈ انفراسٹرکچر، گرین انیشیٹو، ٹیکنالوجی، ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز، اسپیشل اکنامک زونز اور ایم ایل ون کے حوالے سے جلد اچھی خبریں آئیں گی۔حکومت سی پیک منصوبوں میں سہولت فراہم کرنے کے لئے بھرپور طریقے سے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ مجھے یقین ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون نئی بلندیوں تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ چین میں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ موجودہ نگراں حکومت کا عہد ہے کہ جس حالت میں ملک ملا ہے اس سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کافی لوگوں کے چہروں پر رونق ہے، نگراں حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو پہنچانے کی کوشش کی ہے، عالمی ادارے بھی آئندہ سال پاکستان کی جی ڈی پی میں دو گنا اضافے کی پیشنگوئی کر رہے ہیں۔ نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ ملک میں سیاسی استحکام پیدا ہو، ملک الیکشن کی طرف آگے بڑھے۔ پاکستان آگے بڑھے گا تو سی پیک کے فوائد بھی اچھی طرح ملیں گے۔ علاوہ ازیں مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو انتخابات میں حصہ لینے کے لئے یکساں مواقع اور الیکشن کمیشن کو انتخابی مشق کے انعقاد میں مدد فراہم کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اپنے مینڈیٹ کے مطابق تمام صوبوں کے ساتھ بہتر ورکنگ ماحول کے لئے ہرممکن سہولیات فراہم کریں گے، وزارت اطلاعات و نشریات خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلقات عامہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں خیبر پختونخوا کے نگراں وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں آئندہ انتخابات، وفاقی و صوبائی محکموں کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون، صحافیوں کی فلاح و بہبود سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
پٹرول قیمتوں میں کمی سے چہروں پر رونق، ٹرانسپورٹرز کرائے کم کریں، سولنگی
Oct 17, 2023