اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ایران اور مصر کے ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو کی، وزرائے خارجہ نے فلسطین کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ جلیل عباس جیلانی نے ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سے غزہ کے بحرانوں، شہریوں کی شہادت اور فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی پر بات چیت کی، گفتگو میں اتفاق ہوا تنازع کو بڑھنے سے روکنے کے لئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں، انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کے فوری اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق ہوا۔ وزیر خارجہ جلیل عباسی جیلانی نے مصر کے وزیر خارجہ ایچ سمیح شکری سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی، وزرائے خارجہ کی غزہ کے بحرانوں پر بات چیت ہوئی، تنازعات کو بڑھنے سے روکنے، شہریوں کو اجتماعی سزا، بھوک اور بے گھر ہونے سے بچانے پر اتفاق ہوا، وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے انسانی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ترک ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ جلیل عباس جیلانی نے کہا ترک وزیر خارجہ سے غزہ کے تنازعہ پر بات ہوئی۔ ہم نے مسئلہ فلسطین کے مستقل حل کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ پاک ترک وزراءخارجہ نے کہا کہ فوری جنگ بندی‘ امدادی راہداری‘ اسرائیلی بستیوں کا خاتمہ کیا جائے۔
جیلانی کا ایرانی‘ مصری‘ترک ہم منصب کو فون ، فلسطینیوںکو اجتماعی سزاسے بچانے پر اتفاق
Oct 17, 2023