لاہور +اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) پاکستان کے پہلے وزیراعظم شہید ملت خان لیاقت علی خان کی 72 ویں برسی گزشتہ روز 16 اکتوبر کو منائی گئی۔ ملک بھر میں سیاسی قائدین اور مقررین نے شہید ملت خان لیاقت علی خان کی تاریخ ساز خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں سیمینار اور تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ ملک دشمن عناصر نے لیاقت علی خان کو 16 اکتوبر کو 1951ءکو اپنے ناپاک عزائم کا نشانہ بناکر شہید کر دیا تھا۔ خبر نگار خصوصی‘ آئی این پی کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قائد ملت لیاقت علی خان کی 72ویں برسی پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد ملت لیاقت علی خان کو بے پناہ خدمات پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا ہے کہ یہ دن ہمیں پاکستان کی آزادی اور عوام کی فلاح کے لیے قائد ملت کے غیر متزلزل عزم کی یاد دلاتا ہے، قائد ملت ملکی خود مختاری کے بڑے چیمپئن اور شہریوں کی بہبود کے زبردست حامی تھے جبکہ نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے ملک کے پہلے وزیراعظم قائد ملت نوابزادہ لیاقت علی خان کو 72 ویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایثار‘ سادگی اور شائستگی کی علامت تھے۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیراعظم نوابزادہ لیاقت علی خان نے قائداعظم محمد علی جناح اور دیگر بانیان پاکستان کے ساتھ مل کر قیام پاکستان کیلئے جدوجہد کی قیادت کی۔
لیاقت علی خان شہید کی برسی عقید ت و احترام سے منائی گئی
Oct 17, 2023