مہنگائی کم کرائی جائے: وزیراعظم کاکڑ، قیمتوں میں کمی کیلئے 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن ہے: محسن نقوی

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے لیے پرائس کنٹرول کا نظام سخت کرکے اشیاءکی قیمتوں میں کمی لانے کی ہدایت کردی۔ بیان میں کہا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں خاطرخواہ کمی کے نتیجے میں، میں نے وفاقی اور صوبائی سطح پر متعلقہ حکام کو پرائس کنٹرول کے سخت طریقہ کار کو فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے تمام وزرائے اعلیٰ کو ہدایت کی ضروری اشیاء اور خدمات کی قیمتیں کم کی جائیں۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ پاکستانی عوام کو منتقل کرنے کی طرف تمام تر توجہ اس طرف مرکوز کی جائے اور سرکاری ادارے اشیاءکی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو غزہ میں جاری تشدد اور جانی نقصان پر گہری تشویش ہے۔ ہم فلسطین کے مظلوم عوام سے یکجہتی کے لئے ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور غزہ میں فوری جنگ بندی اور محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پیر کو وزیر اعظم آفس سے جاری ٹویٹ کے مطابق نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل کا غزہ میں شہریوں کو جان بوجھ کر، بلا امتیاز اور غیر متناسب نشانہ بنانا تہذیب کے تمام اصولوں کے خلاف اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو محصور غزہ تک فوری طور پر درکار امدادی سامان کی نقل و حمل کے لیے محفوظ اور غیر محدود انسانی راہداری کھولنے کے لیے کارروائی کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر او آئی سی اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی 18 اکتوبر کو او آئی سی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کریں گے اور غزہ کے لوگوں کی تکالیف کو دور کرنے کے لیے فوری اقدامات پر زور دیں گے۔ 

لاہور (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی کا براہ راست فائدہ پنجاب کے عوام تک پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں محسن نقوی نے قیمتو ں میں کمی کیلئے 48گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی اور ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 10فیصد تک کمی لانے کا ٹاسک دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے ٹرانسپورٹ کے کرائے کم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے وزیر ٹرانسپورٹ اور سیکرٹری کو ٹرانسپورٹرز کے ساتھ فوری میٹنگ کرنے کی ہدایت کی جبکہ صوبائی وزیر صنعت و زراعت ایس ایم تنویر گھی، فلور اور دیگر ایسوسی ایشنز کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔ اسی طرح سیکرٹری زراعت،کمشنرز او رڈپٹی کمشنرز کو روزمرہ اشیاءکی قیمتوں میں کمی لانے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری روزانہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ میٹنگ کر کے قیمتو ں میں کمی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو عوام کو ریلیف دینے کے لئے فعال کردار ادا کرنے کا حکم دیا اور کہاکہ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاو¿ن جاری رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صوبے کے عوام کو منتقل کر کے ریلیف دیا جائے گا۔ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر کے جو تاریخی ریلیف دیا ہے اس کا فائدہ دیگر اشیاءکی قیمتوں اور کرایوں میں کمی کر کے عوام تک پہنچانا ضروری ہے۔ پوری ٹیم عوام کو ریلیف دینے کیلئے دن رات ایک کر دے اور بھرپور محنت کر کے خلق خدا کی دعائیں لیں۔ محسن نقوی نے علی الصبح بند روڈ کے زیر تعمیر کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور پراجیکٹ کا دورہ کیا اور نیازی چوک تا بابو صابو تک بننے والے میگا پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور سائٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں کے دوران بند روڈ پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ سی ٹی او خود مانیٹر کریں اور مزید وارڈنز کو تعینات کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے بند روڈ کے درمیان سٹریٹ لائٹس اور پولز فوری طور پر شفٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سٹریٹ لائٹس کے پول اتار کر کسی اور جگہ استعمال میں لائے جائیں۔ بند روڈ پراجیکٹ کی تکمیل سے لاہور کے کسی بھی علاقے سے موٹر وے تک فوری رسائی ممکن ہو گی۔ کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور کی وجہ سے وقت اور ایندھن کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہو گی۔ محسن نقوی سے برطانوی پارلیمنٹ کے رکن خالد محمود نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ ترقی وخوشحالی کے مضبوط پارٹنر ہیں۔ برطانوی پارلیمنٹ کے رکن خالد محمود نے کہا محسن نقوی نے کام سے نام پیدا کیا۔ محسن نقوی سے مراکش کے لئے نامزد پاکستانی سفیر سمیع ملک نے ملاقات کی۔ محسن نقوی نے مراکش میں سفیر کی حیثیت سے نامزدگی پرسمیع ملک کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے تھانہ مانانوالہ‘ ضلع شیخوپورہ کی حدود میں ٹریفک حادثے میں بچے کے جاں بحق ہونے کی ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر کا سخت نوٹس لیا ہے اور وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر انسپکٹر جنرل پولیس نے ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر پر ایس ایچ او تھانہ مانانوالہ کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے اور ڈی پی او شیخوپورہ کو وارننگ جاری کی گئی ہے۔ ایس ایچ او تھانہ مانانوالہ کو سزا کے طور پر ڈیرہ غازی خان رینج‘ راجن پور ٹرانسفر کر دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن