لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے قیدیوں کی عدالتی پیشی پر آمدورفت کیلئے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر تیار کردہ پولیس پرویزن وین کا معائنہ کیا۔ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ عمران محمود نے پریزن وین کی اپ گریڈیشن بارے آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ تمام پریزن وینز کو قیدیوں کی سہولت اور تحفظ کے پیش نظر جدید ٹیکنالوجی سے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، لاہور سمیت تمام اضلاع میں پریزن وینز میں جدید ترین جی پی آر ایس اور ٹریکر سسٹم لگائے جائینگے۔ پولیس پریزن وینزکی اپ گریڈیشن کیلئے ہوم ڈیپارٹمنٹ سے رجوع کیا جائیگا۔لاہور سمیت صوبہ بھر میں منظم جرائم کی سرکوبی کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔ سنگین جرائم میں ملوث خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن کو مزید سخت کیا جائے۔ آر پی اوز، اور ڈی پی اوز شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کیلئے آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔ کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں، خلاف ورزی پرکارروائی کی جائے۔