لاہور(سپورٹس رپورٹر)انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رچرڈ تھامپسن نے کہا ہے کہ بھارت کے پاکستان نہ آنے کی صورت میں متبادل آپشن پر غور ہو رہا ہے، ہائبرڈ ماڈل کے امکانات زیادہ ہیں۔ بھارت کے بغیر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آپشن نہیں ہے۔ چند روز میں آئی سی سی کی میٹنگز ہیں، جہاں مختلف آپشن زیر غورآئیں گے۔ چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کا شرکت نہ کرنا کرکٹ کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ جے شاہ جو اب آئی سی سی کے سربراہ ہوں گے، انکا اس معاملے میں اہم کردار ہوگا۔ رچرڈ گولڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے نہ کھیلنے سے براڈ کاسٹنگ رائٹس پر بہت منفی اثر پڑیگا اور اس کا تحفظ کرنا ہے۔سی ای او انگلش بورڈ نے کہا کہ ابھی چیمپئنز ٹرافی میں وقت ہے، فیصلے کرنے میں وقت لگتا ہے۔ معاملہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہے اور امید ہے کوئی راستہ نکال لیں گے۔ یہ پاکستان کیلئے بہت بڑا لمحہ ہے اور امید ہے پاکستان میں پورا ایونٹ دیکھ سکیں گے۔ ایونٹ کے مجوزہ شیڈول کے مطابق بھارت کے تمام میچز قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
بھارت کے بغیر چیمپئنز ٹرافی ممکن نہیں‘بائبرڈ ماڈل کا امکان زیادہ : رچرڈ تھامپسن
Oct 17, 2024