ایثار و قربانی (2)

Oct 17, 2024

خواجہ نورالزماں اویسی

حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ نبی رحمت ﷺنے تا دم آخر کبھی بھی لگاتار تین دن تک پیٹ بھر کر کھانا نہیں کھایا اوراگر ہم (اہل بیت )چاہتے تو خوب سیر ہو کر کھا سکتے تھے لیکن ہم اپنے اوپر دوسروں کو ترجیح دیتے تھے۔ ( احیا علوم الدین )۔ 
جب کسی شخص کو اقتدار حاصل ہو جائے تو اپنی ذات ، اپنے خاندان اور دوستوں احباب کو ترجیح دیتا ہے۔ لیکن قربان جائیں حضور نبی رحمت ﷺ پر آپ ہمیشہ دوسروں کو اپنے اہل بیت کے اوپر ترجیح دیتے تھے۔ 
حضر ت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا گھر وا لو ں میں سے حضور ﷺ کو سب سے زیادہ عزیز تھیں۔ ایک مرتبہ حضور نبی کریم ﷺ پاس کچھ خادم آئے۔ حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ تم بھی اپنے ابا جان کے پاس جاتیں اور ایک خادم کی درخواست کرتیں۔ جب آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہا گئیں تو لوگوں کا رش دیکھ کر واپس آ گئیں۔ دوسرے دن آپ ﷺ خود ان کے گھر آئے اور اپنی بیٹی سے پوچھا کل تمہاری کیا حاجت تھی۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا خاموش رہیں تو حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے عرض کی : حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہاگھر کے کام کرتے تھک جاتی ہیں ہاتھوں پر چکی چلا چلا کر چھالے بن گئے ہیں تو میں نے ان سے کہا کہ آپ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہو کر ایک غلام کی درخواست کریں۔ 
حضور نبی کریمﷺ نے فرمایا اے فاطمہ اللہ سے ڈرو اور اپنے رب کا فریضہ ادا کرو اور اپنے گھر کے کام اپنے ہاتھوں سے کرو اور جب آرام کی غرض سے بستر پر جائو تو تینتیس مرتبہ ’’سبحان اللہ ‘‘ ، تینتیس مرتبہ ’’ الحمد اللہ ‘‘ اور چونتیس مرتبہ ’’ اللہ اکبر ‘‘ کہہ لیا کرو۔ پس یہ ایک سو مکمل ہے اور یہ تمہار ے لیے خادم سے بہتر ہے۔ حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے عرض کیا میں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولﷺ سے راضی ہوں۔ 
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کا ایثار ، آپ ﷺ بیان کرتی ہیں کہ ایک دن میں روزے سے تھی کسی مسکین نے سوال کیا تو گھر میں صرف ایک ہی روٹی تھی۔ میں نے خادمہ سے کہا کہ وہ روٹی اس سوالی کو دے دو۔ خادمہ نے عرض کی آپ کے افطار کے لیے اس روٹی کے سوا کچھ نہیں پھر بھی آپ یہ فرما رہی ہی ہیں کہ یہ روٹی دے دو۔ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہافرماتی ہیں جب شام ہوئی کسی نے ہمارے لیے بکری کا ہدیہ بھیجا تو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہانے خا دمہ کو بلایا اور فرمایا اس سے کھائو یہ تیری اس روٹی سے بہتر ہے۔ ( موطا امام مالک )۔

مزیدخبریں