کراچی (سٹاف رپورٹر) نواب آف جوناگڑھ، نواب علی مرتضیٰ خان جی اور سید نیئرالدین احمد نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے آنے والے بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر جے شنکر کے نام اپنے تہنیتی مراسلہ میں کہا ہے کہ ہم آپ کو پاکستان آمد پر پاکستانی عوام کی طرف سے نیک توقعات کے ساتھ خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس موقع پر بھارت اور پاکستان دونوں کو اپنے عوام کی بھلائی بہتر مستقبل کی منصوبہ بندی کا موقع ملے گا۔ دونوں ملکوں کے درمیان تصفیہ طلب مسائل کشمیر اور جوناگڑھ کے پرامن حل کیلئے بات چیت شروع کی جائے گی۔ امن ہندوستان اور پاکستان کیلئے واحد آپشن ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ہمیشہ چیلنجز موجود رہیں گے۔ لیکن ہمیں امن کو سب سے زیادہ ترجیح دینی ہو گی یہ وقت ہے کہ ہم اپنے اختلافات سے بالاتر ہو جائیں، نہ کہ انہیں نظر انداز کریں۔ لیکن اسے منصفانہ طور پر حل کرنا ضروری ہے اور عوام کی خواہشات کو سب سے زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے۔
کشمیر، جوناگڑھ تعلقات تناؤ کا سبب‘ منصفانہ حل ضروری: نواب جونا گڑھ
Oct 17, 2024