اوٹاوا (نیٹ نیوز) کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو اور برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ کینیڈین وزیرِاعظم کے ترجمان کے مطابق جسٹن ٹروڈو اور برطانوی وزیرِاعظم کیئر سٹارمر کے درمیان بھارتی حکومت سے منسلک ایجنٹس کی کینیڈین شہریوں کے خلاف مہم کے حالیہ واقعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے شہریوں کی حفاظت اور تحفظ کو یقینی بنانے، قانون کی پاسداری اور اس کا احترام کرنے کی اہمیت پر بھی گفتگو کی۔ وزیراعظم ٹروڈو نے زور دیا کہ کینیڈا اس سنگین معاملے سے نمٹنے کے لیے بھارت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کا خواہاں ہے۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی اور باقاعدہ رابطے میں رہنے پر اتفاق بھی کیا۔