شنگھائی کانفرنس سے معاشی ترقی‘ رابطے تیز ہوں گے: عارف سندھیلہ

شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر و سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا پاکستان میں اجلاس اور سربراہی کانفرنس کا انعقاد ملک و قوم کیلئے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ کانفرنس سے علاقائی ممالک میں معاشی ترقی کو فروغ ملے گا اور باہمی رابطوں میں تیزی آئے گی۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا مقصد رکن ممالک کے درمیان سلامتی، اقتصادی اور سیاسی محاذوں پر تعاون کو فروغ دینا ہے جس سے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی معاشی و اقصادی طورپر زبردست فائدہ حاصل ہوگا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عارف خان سندھیلہ نے کہا کہ خطے کے اہم ممالک کے سربراہان کی ملک آمد سے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج مزید بہتر ہوا اور ملک کا خوبصورت روشن چہرہ بھی دنیا کے سامنے آیا ہے۔ پاکستان کیلئے یہ اجلاس ایک منفرد سفارتی موقع ہے بالخصوص ایسے عالمی منظر نامے میں جہاں دنیا بھر کے ممالک اپنے اتحادی اور سٹرٹیجک حکمت عملی تبدیل کر رہے ہیں۔ چین کے ساتھ 14 مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط بڑی اہم پیشرفت ہے اور گوادر ایئر پورٹ کا ورچوئل افتتاح بھی نیک شگون ہے۔

ای پیپر دی نیشن