توڑ پھوڑ کیسز، لطیف کھوسہ کی ضمانت منظور، 2 پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت میں توسیع 

لاہور (خبر نگار) لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 5 اکتوبر جلاؤ گھیراؤ کیس میں پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے 2 رہنماؤں کی ضمانت میں توسیع کر دی۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 5 اکتوبر کو پولیس پر تشدد اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے پر سماعت ہوئی۔ اے ٹی سی  کے جج ارشد جاوید نے عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں سلمان اکرم راجا اور افضال عظیم کی عبوری ضماتنوں میں 24 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے ریکارڈ بھی طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی ایم این اے سردار لطیف کھوسہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دورکنی بنچ نے حفاظتی ضمانت دس روز کے لیے منظور کر لی۔ عدالت نے درخواست گزار کو متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس شہباز رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد نے توڑ پھوڑ کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  موجودہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ نہیں بلکہ فارم 47 کی پیداوار ہے۔ فارم 47 کی پیداوار کو یہ اختیار نہیں کہ وہ آئین میں ترمیم کرے۔ یہ تو قانون میں ترمیم کی مجاز نہیں، ترمیم مخصوص مقاصد کیلئے کی جا رہی ہے تاکہ فارم 47 کی حکومت کو جواز دیں۔ آئین کسی ترمیم کو تسلیم نہیں کرتا بلکہ اس کے خلاف وکلاء تحریک چلے گی۔

ای پیپر دی نیشن