کالج طالبہ سے مبینہ زیادتی کی  سوشل میڈیا پر من گھڑت ویڈیوز سازش، توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج 

لاہور (نامہ نگار) گلبرگ میں نجی کالج کی طالبہ کے ساتھ مبینہ زیادتی کے سوشل میڈیا پر من گھڑت واقعہ کا تھانہ ڈیفنس اے میں جھوٹی سازش و توڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ طالبہ کے ساتھ منسلک زیادتی کی من گھڑت ویڈیو کے واقعہ  میں ایس ایچ او، سب انسپکٹر محمد سجادکی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق سوشل میڈیا پر طالبہ کے ساتھ مبینہ جنسی زیادتی کی خبر وائرل ہوئی۔ واقعہ کی تصدیق کیلئے مختلف طلبا وطالبات سے دریافت کیا گیا۔ متعلقہ لڑکی اور اس کے والدین نے اس واقعہ کی مکمل تردید کی۔ بچی کے والدین کے مطابق بیٹی دو اکتوبر کو گھر میں گری، گہری چوٹ آئی۔ جس پر 11 اکتوبر تک اس کا علاج اتفاق ہسپتال اور جنرل ہسپتال میں کیا گیا اور اسے 15 دن کا بیڈ ریسٹ تجویز کیا گیا۔ بیٹی چوٹ لگنے کے بعد نہ کالج گئی نہ کہیں اور، سوشل میڈیا پر جھوٹی ویڈیوز اور خبریں پھیلا کر خاندان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا گیا۔ ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ ویڈیو محض بدنام کرنے کیلئے بنائی گئی، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ واقعہ سے طلبہ اور عوام الناس کو حکومتی اداروں کیخلاف سوچی سمجھی سازش کے تحت اشتعال دلوا کر احتجاج کرنے پر مجبور کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن