لاہور (کامرس رپورٹر+خصوصی نامہ نگار) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے ڈاکٹر ذاکر نائیک سے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی۔ ملاقات میں فلسطین کی صورت حال ، پاکستان میں پیس ٹی وی کی کیبل نیٹ ورک پر بحالی، اسلامی تعلیمات کے فروغ اور دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطین کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ شافع حسین نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی ترویج میں پیس ٹی وی کا کردار لائق تحسین ہے۔ حکومت پیس ٹی وی کوکیبل نیٹ ورک پر بحال کرے گی۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت کے ہمراہ آئے طلبہ کے سوالوں کے جواب دیئے، صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد نے بھی ڈاکٹر ذاکر نائیک سے ملاقات کی اور ان کی دینی خدمات کو سراہا۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے تجارت میں ایمانداری اور انصاف کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ دریں اثناء ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے زوال کا بڑا سبب قرآن و سنت سے دوری ہے۔ قرآن مجید مسلم امہ کی ہدایت اور رہنمائی کیلئے بہترین کتاب ہے۔ مسلم امہ کی صف بندی عالم اسلام کے لئے "گولڈن کی" ہے لیکن افسوس آج مسلمان مختلف فرقوں میں بٹے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز جمعیت کے مرکزی سیکرٹریٹ میں خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جمعیت اہلحدیث کے صدر ڈاکٹر علامہ ہشام الہٰی ظہیر نے ڈاکٹرذاکر نائیک اور شیخ ڈاکٹر فارق ذاکر نائیک کو اعزازی شیلڈ و دیگر تحائف بھی پیش کئے۔ چیئرمین علامہ طارق محمود یزدانی، امیر جمعیت کے پی کے مولانا فضل الرحمن مدنی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے جمعیت اہلحدیث کے پرو جیکٹس ’’ایجو کیشن کمپلیکس، QRF سکول، طعام اللعباد الرحمن، فلٹر یشن پلانٹس، میڈیا کمپلیکس‘‘ کا بھی افتتاح کیا اور ادارے کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیہ کلمات کہے۔