خیبر پی کے وزیراعلیٰ سے ملاقات‘ کوکی خیل قبیلے نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا

  پشاور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ کے پی سے ملاقات کے بعد خیبر کے کوکی خیل قبیلے نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پی کے سردار علی امین خان گنڈاپور سے ضلع خیبر کے کوکی خیل قبیلے کے عمائدین پر مشتمل جرگے نے ملاقات کی، کمشنر پشاور اور ڈپٹی کمشنر خیبر نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں کوکی خیل قوم کے عارضی بے گھر افراد کی اپنے علاقوں کو واپسی کے مسئلے پر طویل مشاورت ہوئی۔ شرکاء نے کلیئر ہو جانے والے علاقہ کے لوگوں کی واپسی کے لیے رجسٹریشن کا عمل فوری شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ باقی ماندہ لوگوں کی واپسی کے لئے متعلقہ اداروں کے ساتھ اگلے ہفتے اجلاس منعقد کر کے واپسی کا لائحہ عمل اور ٹائم لائن طے کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کی یقین دہانی پر جرگے نے تیراہ کی طرف بے گھر افراد کے کل مجوزہ مارچ کو کینسل کرنے کا اعلان کیا۔ جرگے نے 75 دنوں سے طورخم شاہراہ پر جاری دھرنا بھی ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

ای پیپر دی نیشن