اسلام آباد (نیٹ نیوز + اپنے سٹاف رپورٹر سے) بلوچستان نیشنل پارٹی کے قائم مقام صدر ساجد ترین نے دعویٰ کیا کہ پارلیمنٹ لاجز میں سردار اختر مینگل کے فلیٹ پر پولیس نے چھاپا مارا، چھاپے کے وقت وہ فلیٹ پر موجود تھے۔ ساجد ترین کے مطابق اسلام آباد پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ اپارٹمنٹ میں رہنے والوں کے خلاف انٹیلی جنس رپورٹس ہیں۔ بی این پی رہنما نے پولیس کارروائی کی مذمت کی اور کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے ان کی جماعت کو ڈرایا نہیں جا سکتا ہے۔ قبل ازیں اختر مینگل نے کہا تھا کہ بی این پی کے 2 سینیٹرز اور ان کے خاندانوں کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے۔ اب میرے پاس ایک ہی آپشن بچا ہے کہ اپنے سینیٹرز کو مستعفی ہونے کی ہدایت کر دوں۔ ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ ایس سی او سمٹ کے حوالے سکیورٹی آڈٹ چل رہا ہے۔ پارلیمنٹ لاجز میں نہ کوئی ریڈ کیا گیا نہ کسی کو ہراساں کیا گیا۔
پارلیمنٹ لاجز میں فلیٹ پر پولیس نے چھاپا مارا، 2 سینیٹرز کو ہراساں کیا جا رہا ہے: اختر مینگل
Oct 17, 2024