حضرت نظام الدین اولیاءؒ کا عرس‘ پاکستانی زائرین کو بھارتی ویزے جاری نہ ہو سکے 

Oct 17, 2024

اسلام آباد +لاہور (خبر نگار+نوائے وقت رپورٹ) سلطان المشائخ حضرت نظام الدین اولیاء کے 721 ویں عرس کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارتی ہائی کمیشن نے پاکستانی زائرین کو ابھی تک ویزے جاری نہیں کیے۔ حضرت نظام الدین اولیاء کے عرس کی تقریبات نئی دہلی میں 17 سے 24 اکتوبر تک ہوں گی۔ پاکستان اور بھارت کے مابین 1974ء کے مذہبی سیاحت کے معاہدے کے تحت پاکستان سے 250 زائرین عرس تقریبات میں شریک ہو سکتے ہیں۔ وفاقی وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق گزشتہ برس بھی پاکستانی زائرین کو تاخیر سے ویزے جاری کیے گئے تھے۔ وفاقی وزارت مذہبی امور نے عرس میں شرکت کیلئے جانے والے زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ 18 اکتوبر کی شام تک حاجی کیمپ لاہور پہنچ جائیں، زائرین 19 اکتوبر کی صبح حاجی کیمپ سے واہگہ بارڈر کے راستے انڈیا روانہ ہو جائیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ زائرین کو حفظ ماتقدم کے طور پر لاہور پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ جیسے ہی ویزے ملتے ہیں انہیں روانہ کیا جا سکے گا۔

مزیدخبریں